دفتر 1 مکتوب 90: اس بات پر ترغیب دینے کے بیان میں کہ کامل طور پر حق سبحانہٗ و تعالیٰ کی طرف متوجہ ہونا چاہیے اور آج اس دولت کا حاصل ہونا اس سلسلۂ نقشبندیہ قدس اللہ تعالیٰ اسرارہم کے ساتھ توجہ و اخلاص حاصل ہونے پر وابستہ ہے

مکتوب 90

خواجہ قاسم؂1 کی طرف صادر فرمایا۔ اس بات پر ترغیب دینے کے بیان میں کہ کامل طور پر حق سبحانہٗ و تعالیٰ کی طرف متوجہ ہونا چاہیے اور آج اس دولت کا حاصل ہونا اس سلسلۂ نقشبندیہ قدس اللہ تعالیٰ اسرارہم کے ساتھ توجہ و اخلاص حاصل ہونے پر وابستہ ہے۔

حق سبحانہٗ و تعالیٰ حضرت سید البشر و علی آلہ من الصلوات أفضلہا و من التسلیمات أکملہا کے طفیل جو کجئ چشم سے پاک ہیں، کمینی دنیا کو آپ کی (بلند ہمت کی نظر میں ذلیل و بے قدر کر کے آخرت کے حسن و جمال کے آئینے میں آراستہ و جلوہ گر فرمائے۔ آپ کا محبت نامہ گرامی مع قابل قدر تحفوں کے وصول ہوا۔ آپ نے کرم فرمایا۔ جَزَاکُمُ اللہُ سُبْحَانَہٗ خَیْرَ الْجَزَاءِ (اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے)۔

وہ نصیحت جو دوستوں اور مخلصوں کے لئے ہے وہ سب یہی ہے کہ حق تعالیٰ کی بار گاہ میں کامل طور پر توجہ میسر ہو جائے اور حق تعالیٰ کے ما سوا ہر چیز سے رو گردانی حاصل ہو جائے۔ مصرع:

کار این است و غیر ایں ہمہ ہیچ

ترجمہ:

کام اصلی ہے یہی اس کے سوا سب ہیچ ہے

آج اس دولتِ عظمیٰ کا حاصل ہونا اس سلسلۂ عالیہ نقشبندیہ کے ساتھ توجہ و اخلاص پر وابستہ ہے، بڑی سخت ریاضتوں اور شدید مجاہدوں سے بھی یہ نعمت اس قدر حاصل نہیں ہوتی جس قدر ان بزرگوں کی ایک ہی صحبت میں حاصل ہو جاتی ہے کیونکہ ان بزرگوں کے طریقے میں بدایت (ابتدا) میں نہایت (انتہا) درج ہے، یہ حضرات پہلی ہی صحبت میں وہ کچھ بخش دیتے ہیں جو (دوسرے سلسلے کے منتہیوں کو) انتہا میں جا کر حاصل ہوتا ہے۔ ان بزرگوں کا طریقہ (بعینہ) اصحاب کرام کا طریقہ ہے کیونکہ ان کو حضرت خیر البشر صلی اللہ علیہ و سلم کی پہلی ہی صحبت میں وہ کمالات حاصل ہو جاتے تھے جو اولیائے امت کو انتہا میں بھی شاید ہی حاصل ہوں اور یہ بات نہایت کے بدایت میں درج ہونے کے طریق پر ہے۔ پس آپ پر ان بزرگوں کی محبت واجب ہے کیونکہ (اس محبت پر ہی) کام کا دار و مدار ہے۔ وَ السَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَ عَلٰی سَائِرِ مَنِ اتَّبَعَ الْھُدٰی وَ الْتَزَمَ مُتَابَعَۃَ الْمُصْطَفٰی عَلَیْہِ وَ عَلٰی آلِہِ الصَّلٰوۃُ وَ السَّلَامُ (اور آپ پر اور ہدایت کی پیروی کرنے والوں اور حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ و سلم کی پیروی کرنے والے سب لوگوں پر سلام ہو)

؂1 آپ کے نام پانچ مکتوبات ہیں لیکن کسی میں خواجہ قاسم، خواجہ محمد قاسم، خواجہ ابو القاسم، مخدوم زادہ محمد قاسم یا ابو القاسم درج ہے۔ دفتر اول 90، 150، 168، 180 اور دفتر دوم میں 47 نمبر۔ آپ خواجہ باقی باللہ رحمۃ اللہ علیہ کے پیر و مرشد خواجہ امکنگی کے صاحب زادے ہیں۔