دفتر اول مکتوب 271
شیخ حسن برکی1 کی طرف صادر فرمایا۔ ایک واقعہ کے استفسار کے حل میں جو انہوں نے دیکھا تھا۔
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ وَ سَلٰمٌ عَلٰی عِبَادِہِ الَّذِیْنَ اصْطَفٰی اللہ تعالیٰ کی حمد ہے اور اس کے برگزیدہ بندوں پر سلام ہو۔ میرے عزیز بھائی شیخ حسن کا مکتوب شریف موصول ہوا، اللہ تعالیٰ اس کے یعنی آپ کے حال کو اچھا کرے اور اپنے کمال تک پہنچائے۔ جو واقعہ آپ پر ظاہر ہوا اور آپ نے تحریر کیا تھا اس کا حال واضح ہوا، آپ اس کے (امید وار رہیں، اور جو کچھ) ذکر آپ کو امر کیا گیا ہے اس کی بجا آوری میں پوری تندہی سے کوشش کریں اور احکام شرعیہ کو بجا لانے میں بال برابر بھی تجاوز نہ کریں اور اہلِ سنت و جماعت کے عقائدِ حقہ کے ساتھ اپنے آپ کو آراستہ رکھیں۔
کارِ این است وغیرِ ایں ہمہ ہیچ
ترجمہ:
کام بس یہ ہے اور باقی ہیچ
اگر آپ کے والدین اور بھائی بھی راضی ہوں تو ہندوستان کی سیر کو غنیمت شمار کریں۔ و السلام
1 آپ کے نام تین مکتوبات ہیں۔ دفتر اول مکتوب 271، دفتر دوم مکتوب 77، دفتر سوم مکتوب 105۔ آپ شیخ احمد برکی کے شاگرد ہیں، حضرت مجدد رحمۃ اللہ علیہ کی تعریف سن کر حضرت کی خدمت میں حاضر ہوئے اور صحبتِ با برکت سے فیض یاب ہو کر خلافت پائی اور وطن واپس ہو گئے۔ شیخ احمد برکی کے انتقال کے بعد حضرت مجدد رحمۃ اللہ علیہ نے آپ کو ان کا جانشین مقرر فرمایا۔