دفتر 1 مکتوب 250: بعض سوالات کے حل میں صادر فرمایا

دفتر اول مکتوب 250

ملا احمد برکی؂1 کی طرف بعض سوالات کے حل میں صادر فرمایا۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حمد و صلوۃ اور تبلیغِ دعوات کے بعد واضح ہو کہ اس طرف کے فقرا کے احوال و اوضاع شکر کے لائق ہیں اور آپ کی عافیت اللہ سبحانہٗ سے مطلوب ہے۔ مکتوب گرامی موصول ہوا، آپ نے تحریر کیا ہے کہ وہ ذوق و فرحت جو پہلے حاصل تھی اب اپنے اندر نہیں پاتا اور اس کو اپنا تنزل جانتا ہے۔

میرے بھائی کو معلوم ہو کہ پہلی حالت کا تعلق اہل وجد و سماع سے تھا جس میں جسد کو کامل دخل تھا، اور جو حالت اب میسر ہوئی ہے اس میں جسم کو بہت تھوڑا حصہ نصیب ہے، اس کا زیادہ تعلق روح و قلب کے ساتھ ہے، اس معاملے کا بیان تفصیل چاہتا ہے، مختصر یہ کہ دوسریِ حالت پہلی حالت سے کئی درجہ بہتر ہے، اور ذوق و وجدان کا نہ پانا اور خوشی کا دور ہونا ذوق و خوشی کے وجدان سے بالا تر ہے، کیونکہ نسبت جس قدر جہالت اور حیرت کی طرف ترقی کرے اور جسد سے دُور ہو اسی قدر اصیل ہے اور مطلوب کے حصول میں نزدیک تر ہے۔ کیونکہ اس مقام میں عجز اور نا دانی کے علاوہ کسی اور چیز کی گنجائش نہیں ہے (اسی لئے) جہل کو معرفت سے تعبیر کرتے ہیں اور عجز کو ادراک کا نام دیتے ہیں۔

آپ نے تحریر کیا تھا کہ اس نسبت کو وہ تاثیر جو پہلے تھی اب نہیں رہی۔ ہاں، ہاں! جسدی تاثیر نہیں رہی لیکن تاثیرِ روحی میں اضافہ ہو گیا ہے، اگرچہ ہر شخص اس کا ادراک نہیں کر سکتا لیکن کیا کیا جائے کہ آپ کو اس فقیر کے ساتھ صحبت بہت کم حاصل ہوئی ہے اور علوم و معارفِ خاصہ بہت کم ذکر ہوئے ہیں۔ شاید حق تعالیٰ کو منظور ہو اور دوسری صحبت میسر ہو جائے اور چند روز مل بیٹھیں۔

نیز آپ نے دریافت کیا تھا کہ آیا زادِ راہ اور سواری ہونے کے با وجود اس پُر فتن زمانے میں مکہ مکرمہ کا سفر فرض ہے یا نہیں۔

میرے مخدوم! اس بارے میں فقہ کی روایات میں بہت اختلافات ہے اور فقیہ ابو اللّیث کا فتویٰ اس مسئلے میں مختار ہے، انہوں نے کہا ہے کہ ’’اگر راستے میں امن اور عدمِ ہلاکت کا گمان غالب ہے تو اس سفر کی فرضیت ثابت ہے ورنہ نہیں‘‘۔ لیکن و جوبِ ادا کی شرط ہے نفسِ وجوب کی شرط نہیں، یہی صحیح ہے لہٰذا ایسی صورت میں حج کی وصیت واجب ہو گی۔

چونکہ وقت نے موافقت نہیں کی اس لئے آپ کے دوسرے سوالات کو کسی دوسرے مکتوب پر موقوف کر دیا۔ و السلام

؂1 آپ کے نام چار مکتوبات ہیں اور آپ کا تذکرہ دفتر اول مکتوب 239 پر گزر چکا ہے۔