دفتر 1 مکتوب 244: خط کے جواب میں جس میں انہوں نے اپنے احوال کی خرابی بیان کی تھی

دفتر اول مکتوب 244

ملا محمد صالح کولابی؂1 کی طرف صادر فرمایا۔ ان کے خط کے جواب میں جس میں انہوں نے اپنے احوال کی خرابی بیان کی تھی۔

میرے سعادت مند بھائی خواجہ محمد صالح کا گرامی نامہ موصول ہوا جس میں انہوں نے اپنی خرابئ احوال کے بارے میں لکھا تھا، امید ہے کہ اس سے بھی زیادہ خراب ہوں گے، اور اس خرابی کی نہایت اس مکتوب میں جو انہی ایام میں (فقیرنے اپنے) فرزندِ ارشد کے نام لکھا ہے، درج ہو چکی ہے وہاں سے معلوم کر لیں۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کا وہاں چند روز قیام کرنا دوستوں کی جمعیت (اطمینان) کا باعث ہے تو بہتر ہے کہ وہاں چند روز اور قیام کریں، یہ فقیر بھی دہلی کے سفر کا ارادہ رکھتا ہے، اکثر استخارے اور توجہات اس سفر کا باعث ہیں۔ اس مقام کو میرے فرزند ارشد (خواجہ محمد صادق) کو عنایت فرما دیا ہے اور ان کی ولایت میں داخل کر دیا گیا ہے۔ فقیر اس جگہ مسافروں کی طرح اُن کی ولایت میں بیٹھا ہوا ہے۔ جو دوست طریقۂ عالیہ میں داخل ہو گئے ہیں بالخصوص میر سید مرتضےٰ، مولانا شکر اللہ اور میر سید نظام بہت دعاؤں کے ساتھ مخصوص ہیں۔ فرزندی خواجہ محمد صادق اور سب بھائی آپ کو اور سب دوستوں کو سلام و دعا کہتے ہیں۔

؂1 آپ کے نام دس مکتوبات ہیں اور آپ کا تذکرہ دفتر اول مکتوب 161 پر گزر چکا ہے۔