مکتوب121
یہ مکتوب بھی میر محمد نعمان کی طرف صادر فرمایا۔ اس بیان میں کہ اس راستہ (راہِ طریقت) کے سات قدم مقرر ہیں اور بعض احباب چھ قدم تک پہنچ چکے ہیں۔
جناب میر صاحب! ہر وقت بے شمار دعائیں آپ کے شامل حال ہوں، مدت سے آپ نے اپنے حالات کے متعلق کچھ اطلاع نہیں دی اور نہ ہی یہاں کے فقراء کی خبر گیری فرمائی، اَلْحُمْدُ لِلّٰہِ سُبْحَانَہٗ وَ الْمِنَّةُ کہ یہاں کے فقراء خوش حال ہیں۔
مختصر طور پر کچھ عرض ہے۔ اے محبت کے نشان والے! اس سلوک (طریقت) کا راستہ سات قدم مقرر ہو چکا ہے۔ دوستوں کی ایک جماعت نے اپنے کام کو چھ قدم پر ہی مکمل کر لیا ہے اور بعض نے صرف پانچ قدم پر، اور ایک جماعت نے چار قدم اور ایک صرف تین قدم پر اپنے اپنے درجات کے مطابق منزل مقصود کو پہنچ گئے، اور تیسرے قدم والے بھی لوگوں کو اس راستے کی تعلیم دے سکتے ہیں تو پھر کیا (اچھا) حال ہے اس جماعت کا جو اُن سے آگے جا چکی ہے وہ (تو بدرجہ اولیٰ) اس راستہ کی تعلیم دے سکتی ہے۔ (البتہ) ان کاموں کے لئے بلند ہمتی کی ضرورت ہے تاکہ معمولی اور کم درجے کی چیزوں پر اکتفا نہ کر بیٹھیں۔ اس سے زیادہ لکھنے کے لئے وقت کی گنجائش نہیں ہے۔ و السلام