Fiqh - فقہ - اسلامی فقہ - Tazkia.org - Urdu

کرايہ

  • کرايہ پر لينے کا بيان
    • مسئلہ۔ جب تم نے مہينہ بھر کے ليے گھر کرايہ پر ليا اور اپنے قبضہ ميں کر ليا تو مہينے کے بعد کرايہ دينا پڑے گا چاہے اس ميں رہنے کا اتفاق ہوا ہو يا خالى پڑا رہا ہو۔ کرايہ بہرحال واجب ہے۔
    • مسئلہ۔ درزى کپڑا سى کر يا رنگريز رنگ کر يا دھوبى کپڑا دھو کر لايا تو اس کو اختيار ہے کہ جب تک تم سے اس کى مزدورى نہ لے ليوے تب تک تم کو کپڑا نہ دے۔ بغير مزدورى ديئے اس سے زبردستى لينا درست نہيں۔ اور اگر کسى مزدور سے غلے کا ايک بورا ايک آنہ پيسہ کے وعدہ پر اٹھوايا تو وہ اپنى مزدورى مانگنے کے ليے تمہارا غلہ نہيں روک سکتا۔ کيونکہ وہاں سے لانے کى وجہ سے غلہ ميں کوئى بات نہيں پيدا ہوئى۔ اور پہلى صورتوں ميں ايک نئى بات کپڑے ميں پيدا ہو گئى۔
    • مسئلہ۔ اگر کسى نے يہ شرط کر لى کہ ميرا کپڑا تم ہى سينا يا تم ہى رنگنا يا تم ہى دھونا تو اس کو دوسرے سے دھلوانا درست نہيں۔ اور اگر يہ شرط نہيں کى تو کسى اور سے بھى وہ کام کرا سکتا ہے۔