آہ! اب بیت اللہ شریف پر نظر پڑنے والی ہے۔دعاؤں کی قبولیت کی گھڑی قریب ہے۔ ہوشیار خبردار نہ وقت ضائع کرنا ہے نہ ہی موقع۔کسی مناسب جگہ پر کھڑے ہوکر کہ کوئی سامنے نہ آئے نہ دل بٹے تاکہ زیادہ سے زیادہ دعائیں اس وقت نصیب ہوجائیں۔
کم ازکم یہ تو کہہ لیں کہ: اے اللہ حسنِ خاتمہ نصیب فرما۔ اے اللہ ایمانِ کامل نصیب فرما۔
اے اللہ مجھے اور آپ ﷺکی پوری امت کو ہدایت عطا فرما۔
اے اللہ مجھے مستجاب الدعوات بنادے۔
اگر یہ فقیر آپ کو یاد آئے تو زہے نصیب۔ اس کے لئے تو یہ دعا فرمادیجئے کہ اللہ تعالیٰ اس کو اپنا بنادے، کسی غیر کا نہیں۔
گناہ گار ہوں معافی تو مگر دے
میں کعبہ دیکھ لوں دل کی نظردے
کرم فرما کرم فرما دے مجھ پر
محبت میرے دل میں بھی تو بھر دے
میں تیرے غیر کو دیکھوں نہیں اب
بنوں تیرا مجھے آہ سحر دے
زبان پر ذکر تیرا دل میں قرآں
فضل سے اس کا حافظ مجھ کو کردے
نہ بھولوں اس کو اور تجھ کو نہ بھولوں
مری دعوت میں خود سے تو اثر دے
الٰہی اب شبیؔر کو کردے واصل
نظر کر پاک اور دل باخبر دے