ادب ادب کی بات ہے


جس کو ملے اور جتنا ملے یاں ملتی جو خیرات ہے

ادب ادب کی بات ہے سمجھ سمجھ کی بات ہے


بالکل ٹھیک ریاض الجنت جنت کا اک ٹکڑا ہے

مسجد نبوی ساری مبارک نور یہاں پر بکھرا ہے


لیکن اس میں دوڑ لگانا کیا طریقہ ستھرا ہے؟

بھائی ادب جسے کہتے ہیں وہ یہیں پر اترا ہے


ایسی دوڑ میں پیارے بھائی کچھ شیطان کا ہاتھ ہے

ادب ادب کی بات ہے سمجھ سمجھ کی بات ہے


جنت کے ٹکڑے میں بیٹھنا یہ کار ثواب ہے

لیکن اس میں بیٹھے رہنا اس کا کیا جواب ہے


دوسروں کا حق دابے رکھنا اس پر تو عتاب ہے

ہم یہاں پر ظلم کریں اف یہ حالت خراب ہے


چپ رہنے اور دیکھتے رہنے میں ہی احتیاط ہے

ادب ادب کی بات ہے سمجھ سمجھ کی بات ہے


حرص ثوابوں کی اچھی لیکن ادب تو کرنا ہے

ہم بگڑنے آئے نہیں یاں، ہم کو تو سدھرنا ہے


بہت ادب کی جا ہے ہم کو،قدم قدم پر ڈرنا ہے

نیچی نگاہیں، آہستہ اور خاموشی سے چلنا ہے


ماشاء اللہ پھر تو خدا ہر وقت ہمارے ساتھ ہے

ادب ادب کی بات ہے سمجھ سمجھ کی بات ہے


خود ہی سلام وہ سنتے ہیں مسجد نبوی میں ہر جگہ

ہر نماز کو جیسے آؤ، بیٹھ،سلام پھر پڑھ یہاں


پھر ترستے ہی رہوگے ایسے مواقع کہاں

خاموشی سے لیتے رہو برکات جو ہیں یاں جہاں جہاں


وقت یہاں پر جتنا ملے یوں سمجھو کہ سوغات ہے

ادب ادب کی بات ہے سمجھ سمجھ کی بات ہے


اور یہاں پر موقع ملے تو چالیس نمازیں پڑھ لو نا

آپ کی ہم کو ملے شفاعت اس کی کوشش کرلونا


دامن اپنا، ہر خیرات برکات سے، پورا بھر لونا

اپنے دامن سے گناہ کو توبہ کرکے جھڑلونا


فکر ہے شبیؔر کی یا پھر یہ آپکی نعت ہے

ادب ادب کی بات ہے سمجھ سمجھ کی بات ہے


اگلے دن ہی مسجدمیں مغرب کوجو بیٹھنا ہوا

آئے کچھ اشعار، قلم پر ان کا بھی لکھنا ہوا


خالق کے محبوب کی عظمت خود بخود گویا ہوئی

آپ بھی اس کو پڑھ لیں کہ پھر یہ گویائی کیا ہوئی