صفا اور مروہ کےدرمیان مخصوص طریقہ پر سات چکر لگانےکوسعی کہتےہیں، حج اور عمرہ کرنے والے پر سعی کرنا واجب ہے۔جس طرح طواف حجر اسود کے استلام سےشروع ہوتا ہے اسی طرح سعی بھی حجر اسود کے استلام سےشروع کرنا آپ کی سنت ہے۔ اسلئےحجر اسود کا استلام کر لیں۔ یا دور سے اسکی جانب ہتھیلیاں اٹھا کر ہتھیلیوں کو چوم کر باب الصفا کی جانب بڑھیں۔یہ حجر اسو د کا نواں استِلام ہوگا۔
حجر اسود کی کی مخالف سمت میں بالکل سیدھ میں چلیں، اسی جانب صفا پہاڑی کا مقام ہے اور وہاں عربی و انگلش میں “الصفا ” کا بورڈ لگا ہوا ہے۔ وہاں سےتھوڑا آگے بڑھنے کے بعد پہاڑ کی علامت شروع ہو جاتی ہے۔ اب دل میں سعی کی نیت کریں اور زبان سے اس طرح پڑھیں۔
اَللّٰھُمَّ اِنِّی اُرِیدُ السَّعی بَینَ الصَّفَا وَ المَروۃَ سبعۃ اَشوَاطٍ لِوَجھِکَ الکَرِیمِ، فَیسِّرہ لِی وَ تَقبَّلہُ مِنی
پھر دونوں ہاتھ اس طرح اٹھائیں جیسےدعا میں اٹھائے جاتے ہیں۔ اور خوب دعائیں مانگیں،تقریبا پچیس آیات پڑھنےکی مقدار کھڑے رہ کر اپنی رفتار سےذکر کرتےہوئے، دعا مانگتے ہوئے مروہ پہاڑی کی طرف چلیں۔
صفا مروہ نشانی ہے خدا کی
یہ برکت ہے مگر اک باخدا کی
ترا محدود اس کا ہو گیا جب
رسی پکڑو گے اس کی انتہا کی
یہ پانچوں حس تمہاری پاک ہوویں
میسر تجھ کو ہے گر دل کی پاکی
قیامت تک یہاں دوڑیں گے سارے
قبول کتنی ہے دوڑ وہ ہاجرہ کی
نقل کرنا ہے یاں مطلوب شبیؔر
یہی سنت ہے سارے اولیاء کی
صفا مروہ کےدرمیان جب وہ جگہ آنے لگے جہاں دیوار میں سبز رنگ کے ستون لگائے ہوئے ہیں اور وہ جب بقدر چھ ہاتھ کےدوری پرہو تو درمیانی چال سےدوڑنا شروع کریں اور دوسرے سبز ستونوں کے بعد بھی چھ ہاتھ تک دوڑیں، اس دوران دل کی گہرائیوں سےدعائیں مانگے اور یہ دعا پڑھتے رہیں۔
رَبِّ اغفِر،وَ ارحَمْ ط اَنتَ الاعزُّ الاکرَم
پھر اپنی چال چلنےلگیں۔ آگےمروہ پہاڑی آئیگی، اس پر چڑھیں اور بیت اللہ کی جانب رخ کرکےکھڑےہو کر جس طرح صفا پہاڑی پر ذکر و شکر اور دعائیں کی تھیں اسی طرح یہاں بھی کریں، اب آپکا ایک چکر مکمل ہوگیا، اسکے بعد مروہ سےصفا یہ آپکا دوسرا چکر ختم ہوا، بس اسی طرح آپکو سات چکر مکمل کرنے ہیں۔ ساتواں چکر مروہ پہاڑی پر ختم ہوگا۔ اب آپ مطاف میں آکر کسی بھی جگہ دو رکعت نماز پڑھیں، شرط یہ ہےکہ مکروہ وقت نہ ہو۔