دفتر اول مکتوب 241
مولانا محمد صالح1 کی طرف بعض دوستوں کی ترقی کے بیان میں صادر فرمایا۔
حمد و صلوٰۃ کے بعد میرے سعادت مند بھائی کو معلوم ہو کہ اس جگہ کے حالات حمد کے لائق ہیں اور یہاں کے سب دوست خوش و خرم ہیں، بالخصوص مولانا محمد صدیق2 ان دنوں اللہ سبحانہٗ کی عنایت سے ولایتِ خاصہ سے مشرف ہو گئے ہیں اور اسمِ جُزئی سے اسمِ کُلیّ کے ساتھ ملحق ہو گئے ہیں اس کے با وجود نظر فوق کی جانب رکھتے ہیں۔ وہاں (فوق) سے نصیبِ وافر (بہت بڑا حصہ) حاصل کر کے شاید رجوع کی طرف رجحان کریں۔ ﴿وَ اللّٰهُ يَخْتَصُّ بِرَحْمَتِهٖ مَن يَشَآءُ…الآیۃ﴾ (البقرہ: 105) ترجمہ: ”اللہ جس کو چاہتا ہے اپنی رحمت کے لیے مخصوص فرما لیتا ہے“۔ کبھی کبھی اپنے اور ان دوستوں کے احوال جو طریقے میں داخل ہو گئے ہیں اور ہوتے رہتے ہیں، لکھ دیا کریں اور چند روز وہیں قیام پذیر رہیں۔
والسلام
1 آپ کے نام دس مکتوبات ہیں، اور آپ کا تذکرہ دفتر اول مکتوب 161 پر گزر چکا ہے آپ کا انتقال سنہ 1038ھ میں ہوا۔
2 آپ کے نام 13 مکتوبات ہیں اور آپ کا تذکرہ دفتر اول مکتوب 132 پر گزر چکا ہے۔