دفتر 1 مکتوب 201: ایک استفسار کے استفسار کے جواب میں

مکتوب 201

کوچک بیگ حصاری؂1 کی طرف صادر فرمایا۔ ان کے استفسار کے جواب میں۔

الْحَمْدُ لِلّٰہِ وَ سَلٰمٌ عَلٰی عِبَادِہِ الَّذِیْنَ اصْطَفٰی (اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا ہے۔ اور اس کے برگزیدہ بندوں پر سلام ہو)۔ جناب کوچک بیگ حصاری نے دریافت کیا تھا کہ تمام علوم صرف دو تین حرفوں میں مندرج ہیں اس بات کا یقین کرنا چاہیے یا نہیں؟ جواب میں کہا جاتا ہے کہ ظاہرًا اس شخص نے علم و سماع اور مطالعۂ کتب کے متعلق کہا ہو گا کیونکہ متقدمین (پہلے) بزرگوں سے بھی اس قسم کی باتیں ملتی ہیں۔ حضرت امیر (علی) کرم اللہ وجہہ نے فرمایا ہے کہ تمام علوم بسم اللہ کی "ب" میں مندرج ہیں، بلکہ اس "ب" کے نقطے میں۔ اگر وہ شخص اس بات میں کشف کا دعویٰ کرتا ہے تو اس کا معاملہ دو حال سے خالی نہیں، اگر وہ یہ کہتا ہے کہ مجھ پر منکشف ہوا کہ تمام علوم دو تین حروف میں مندرج ہیں اور خواہ ان دو تین حروف کو اس کے معلوم کے ساتھ مخصوص کیا ہو یا نہ کیا ہو تو اس (دعوے) میں صدق کا احتمال ہے، اور اگر وہ یہ کہتا ہے کہ تمام علوم دو تین حروف کے ضمن میں مجھ پر منکشف کئے گئے ہیں اور ان دو تین حرفوں کے صفحے میں تمام علوم کو مطالعہ کرتا ہوں تو وہ جھوٹا دعویٰ کرتا ہے اور اس کی یہ بات قابلِ قبول نہیں۔ اور سلام ہو اس شخص پر جس نے ہدایت کی پیروی کی اور حضرت محمد مصطفےٰ صلی اللہ علیہ و سلم کی پیروی کو لازم جانا۔

؂1 آپ کے نام صرف یہی ایک مکتوب ہے، مزید حالات معلوم نہ ہو سکے۔