دفتر 1 مکتوب 177: اہل سنت و جماعت شکر اللہ تعالیٰ سعیہم کی صائب آراء کے مطابق عقائد کی تصحیح کرنے کی ترغیب میں

مکتوب 177

جمال الدین حسین بدخشی؂1 کی طرف صادر فرمایا۔ اہل سنت و جماعت شکر اللہ تعالیٰ سعیہم کی صائب آراء کے مطابق عقائد کی تصحیح کرنے کی ترغیب میں۔

خواجہ جمال الدین حسین! اپنے عنفوان شباب (آغاز جوانی) کو غنیمت جانیں اور حتی الامکان اس کو حق تعالیٰ جل و علا کی رضا مندی کے کاموں میں صرف کریں یعنی سب سے پہلے اپنے عقائد کو اہل سنت و جماعت شَکَرَ اللہُ تَعَالٰی سَعْیَہُمْ کی صائب آراء کے تقاضوں کے مطابق درست کریں۔ دوسرے یہ کہ احکام شرعیہ فقہیہ کے مطابق عمل کریں۔ تیسرے یہ کہ طریقہ عالیہ صوفیہ قدس اللہ تعالےٰ اسرارہم کے طریقہ سلوک کو اختیار کریں جس کو ان سب باتوں پر عمل کی توفیق حاصل ہو گئی وہ دونوں جہان میں کامیاب ہو گیا اور جو ان سے محروم رہا وہ بڑے خسارے میں پڑگیا۔

خواجہ محمد صالح کے بیٹوں کی خدمت کو سعادتِ عظمیٰ جانیں کیونکہ وہ خدمت حقیقت میں خواجہ مذکور (محمد صالح) کی امداد و اعانت ہی ہے کہ وہ مقبول بندوں میں سے ہیں۔ مصرع

دادیم ترازِ گنجِ مقصود نشاں

ترجمہ:

گنج مقصود کا پتا یہ ہے

و السلام

؂1 جمال الدین حسین بدخشی کولابی وغیرہ کے نام چند مکتوبات ہیں، گمان ہوتا ہے کہ آپ حضرت مرزا حسام الدین احمد کے صاحب زادے ہیں۔ مکتوبات کی تفصیل یہ ہے: دفتر اول 113، 177، 223۔ دفتر دوم 41۔ دفتر سوم 56، 81۔