ترجمہ آیات و احادیث خطبۂ ہفتم
ذکرُ اللہ اور دعا کے بیان میں
حدیثِ اوّل: ارشاد فرمایا رسول اللہ ﷺ نے کہ نہیں بیٹھتی کوئی جماعت جو اللہ کا ذکر کرتی ہو مگر گھیر لیتے ہیں اُن کو فرشتے اور ڈھانپ لیتی ہے اُن کو رحمت اور نازل ہوتی ہے ان پر راحت اور تسلی اور خدائے تعالیٰ اپنے پاس والوں سے ان کا ذکر کرتا ہے۔ (مسلم)
فائدہ: یعنی ملائکہ مُقرَّبِین سے اُن لوگوں کی تعریف کرتا ہے جو ذکرِ خداوندی میں مشغول ہیں۔
کسی نے کیا خوب کہا ہے۔
آسماں سجده کند بہر زمینے کے درد
یکدو کس یکدو نفس بہر خدا بنشیند
حدیثِ دوم: ارشاد فرمایا رسول اللہ ﷺ نے کہ جو شخص اپنے رب کا ذکر کرتا ہے اور جو ذکر نہیں کرتا اُس کی مثال زندہ اور مردہ کی ہے (یعنی ذاکر زندہ اور غافل مردہ ہے)۔ (بخاری)
حدیثِ سوم: ارشاد فرمایا آنحضرت ﷺ نے کہ دعا عبادت کا مَغَز ہے۔ (ترمذی)
حدیثِ چہارم: ارشاد فرمایا آنحضرت ﷺ نے کہ حق تعالیٰ شانُہٗ کے نزدیک دعا سے زیادہ کوئی چیز پسند نہیں ہے۔ (ترمذی)
حدیثِ پنجم : ارشاد فرمایا رسول اللہ ﷺ نے: بیشک دعا نفع دیتی ہے اس (بلا اور مصیبت) سے جو نازل ہو چکی اور اُس سے جو ابھی نازل نہیں ہوئی (یعنی دعا سے نازل شده بَلا دور ہو جاتی ہے اور جو آئندہ آنے والی تھی وہ بھی ٹَل جاتی ہے) پس اے بندگانِ خدا! تمہارے ذمہ (ہر حال میں) دعا کرنا ضروری ہے (کیونکہ اگر اُس وقت کسی آفت میں مُبتلا نہیں تو کیا خبر کہ آئندہ بھی کوئی آفت آنے والی نہیں ہے۔) (ترمذی)
حدیثِ ششم: ارشاد فرمایا آنحضرت ﷺ نے کہ جو شخص خدا تعالیٰ سے دعا نہیں مانگتا خدا تعالیٰ اس پر ناراض ہوتا ہے (اللہ اللہ! کیا ٹِھکانہ ہے کرم کا!)۔ (ترمذی)
آیت مبارکہ: حق تعالیٰ نے ارشاد فرمایا کہ اے ایمان والو! اللہ کی یاد خوب کثرت سے کیا کرو اور صبح و شام (یعنی ہر وقت) اس کی تسبیح (اور پاکی) بیان کرو۔
اضافہ: (الف) آنحضرت ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جب تم جنّت کی کَیارِیوں میں گزرو تو (اُن میں سے) خوب کھاؤ۔ صحابہ رضی اللہ عنھم نے عرض کیا: جنّت کی کِیارِیاں کیا ہیں؟ آپ نے فرمایا: ذکر کے حلقے۔ (ترمذی)
(ب): ارشاد فرمایا آنحضرت ﷺ نے کہ شیطان انسان کے دل پر بیٹھا ہوا ہے، جب وہ خدا کو یاد کرتا ہے تو شیطان غائب ہو جاتا ہے اور جب غافل ہو جاتا ہے تو شیطان وسوسہ ڈالتا ہے۔ (بخاری)
(ج): آنحضرت ﷺ نے ارشاد فرمایا ہے کہ تم اللہ تعالیٰ سے اس حال میں دعا مانگا کرو کہ قبول کا یقین رکھتے ہو اور یہ جان لو کہ اللہ تعالیٰ قلبِ غافل سے دعا قبول نہیں کرتا۔ (ترمذی)