افادة العوام
بترجمة نصوص
خطبات الاحکام
بسم الله الرحمن الرحيم
بعد الحمد و الصلوة، احقر عبد الکریم گمتھلوی عفی عنہ (رحمہ اللہ) عرض رسا ہے کہ ایسے خطبات بہت جمع کئے گئے ہیں جس میں سال بھر کے جمعوں کے واسطے الگ الگ خطبہ ہے، لیکن ''خطباتُ الأحکام لجمعات العام'' جو سیدی و مرشدی حکیم الامت سراج الملت حضرت مولانا اشرف علی صاحب تھانوی دامت برکاتہم (رَحِمَہُ اللہُ) کی تازہ ترین تالیف سے ہے، علاوہ دیگر ظاہری و باطنی خوبیوں کے ایک ممتاز شان یہ رکھتا ہے کہ وہ بکثرت آیات و احادیث پر مشتمل اور احکامِ ظاہرہ و باطنہ کو جامع ہے، چونکہ ہر شخص عربی نہیں سمجھتا اس لئے ان عجیب و غریب خطبوں کے مضامین سے عام شائقین کے منتفع ہونے کی غرض سے ان خطبوں کی آیات و احادیث کا ترجمہ کرنا مع ضروری فوائد کے مناسب معلوم ہوا، لیکن خطبہ کے ساتھ ترجمہ پڑھنا خلافِ سنت ہے، اس لئے مستقل طور سے ترجمہ کر کے اخیر میں ملحق کر دیا گیا، تاکہ سب مصالح کی رعایت ہو جاوے، اور چونکہ ہر خطبہ خاص خاص قسم کے احکام پر مشتمل ہے، لہذا ہر خطبہ کا الگ عنوان لکھ کر اس کی آیات و احادیث کا اس کے ذیل میں ترجمہ لکھا گیا ہے، تاکہ ناظرین جس خطبہ کے متعلق ترجمہ دیکھنا چاہیں وہ بآسانی مل سکے، اور توضیح کے لئے کہیں کہیں ضروری فوائد بھی لکھ دیئے ہیں۔ اور حضرت حکیم الامت مُدَّ فُیُوْضُہُمْ مؤلفِ خطبات نے اصل مسودہ میں کچھ روایات ایسی تحریر فرمائی تھیں جن کو نظر ثانی کے وقت بغرض اختصار حذف فرما دیا، ترجمہ میں ان کو بھی فوائد کے ذیل میں لے لیا گیا ہے، اور ان خصوصیات کے لحاظ سے اس کا لقب ''افادة العوام به ترجمہ نصوص خطبات الأحکام'' رکھا گیا ہے۔ حق تعالٰی حضرت مولانا موصوف مُدَّ فُیُوْضُہُمْ کی برکت سے اس کو بھی قبول فرما دے۔ آمین ثم آمین
خانقاہ امدادیہ تھانہ بھون 21ربیع
الاوّل 1348ھ