Aqaid | Tazkia.org

عقائد


اللہ تعالیٰ کے بارے میں

اللہ ایک ہے وہ کسی کا محتاج نہیں ، نہ اس نے کسی کو جنا نہ وہ کسی سے جنا گیا ، نہ اس کی کوئی بیوی ہے ۔ کوئی اس کے مقابل کا نہیں۔ وہ ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گا ۔ کوئی چیز کے مثل نہیں وہ سب سے نرالا ہے ۔ وہ زندہ ہے ، ہر چیز پر اس کو قدرت ہے ، کوئی چیز اس کے علم سے باہر نہیں۔ وہ سب کچھ دیکھتا ہے ، سنتا ہے ، کلام فرماتا ہے ، لیکن اس کا کلام ہم لوگ کے کلام کی طرح نہیں ۔ جو چاہے کرتا ہے کوئی اس کو روک ٹوک کرنے والا نہیں ۔ وہی پوجنے کے قابل ہے اس کا کوئی شریک نہیں ۔ اپنے بندوں پر مہربان ہے ، بادشاہ ہے ۔ سب عیبوں سے پاک ہے ۔ وہی اپنے بندوں کو سب آفتوں سے بچاتا ہے ۔ وہی عزت والا ہے ۔ بڑائی والا ہے ۔ ساری چیزوں کا پیدا کرنے والا ہے ۔ اسکا کوئی پیدا کرنے والا نہیں ۔ گناہوں کا بخشنے والا ہے ۔ زبردست ہے ۔ بہت دینے والا ہے ۔ روزی پہنچانے والا ہے ۔ جس کی روزی چاہے تنگ کردے ۔ اور جس کی چاہے زیادہ کردے ۔ جس کو چاہے پست کردے جس کو چاہے بلند کردے ۔ اور جس کو چاہے عزت دے اور جس کو چاہے ذلت دے ۔ انصاف والا ہے ، بڑے تحمل اور برداشت والا ہے ۔ خدمت اور عبادت کی قدر کرنے والا ہے ۔ دعا کا قبول کرنے والا ہے ۔ سننے والا ہے ، وہ سب پر حاکم ہے ۔ اس پرکوئی حاکم نہیں ۔ اس کا کوئی کام حکمت سے خالی نہیں ۔ وہ سب کام بنانے والا ہے ۔ اس نے سب کو پیدا کیا ہے وہی قیامت میں پھر پیدا کرے گا ۔ وہی جلاتا ہے ۔ وہی مارتا ہے ۔ اس کو نشانیوں اور صفتوں سے سب جانتے ہیں ۔ اس کی ذات کی باریکیوں کو کوئی نہیں جان سکتا ۔ گناہگاروں کی توبہ کو قبول کرتا ہے۔ جو سزا کے قابل ہے ان کو سزا دیتا ہے ۔ وہی ہدایت کرتا ہے ۔ جہاں میں جو کچھ ہوتا ہے اسی کے حکم سے ہوتا ہے ۔ بغیر اس کے حکم کے ذرہ نہیں ہل سکتا ۔ نہ وہ سوتا ہے نہ اونگھتا ہے ۔ وہ تمام عالم کی حفاظت سے تھکتا نہیں ۔ وہی سب چیزوں کو تھامے ہوئے ہیں ۔ اس طرح تمام اچھی اور کمال کی صفتیں اس کو حاصل ہیں اور بری اور نقصان کی کوئی صفت اس میں نہیں ۔ نہ اس میں کوئی عیب ہے ۔ اس کی سب صفتیں ہمیشہ سے ہیں اور ہمیشہ رہیں گی ۔ اور ا س کی کوئی صفت کبھی جانہیں سکتی ۔ مخلوق کی صفتوں سے وہ پاک ہے ۔ اور قران و حدیث میں بعض جگہوں پر جو ایسی باتوں کی خبر دی گئی ہے اس کے معنی اللہ کے حوالے کریں۔ کہ وہی اس کی حقیقت جانتا ہے اور ہم بے کھود کرید اسی طرح ایمان لاتے ہیں ۔ اور یقین کرتے ہیں کہ جو کچھ اس کا مطلب ہے وہ ٹھیک ہے اور حق ہے اور یہی بات بہترہے ۔ یا اس کے کچھ مناسب معنی لگا لیں جس سے وہ سمجھ میں آجائے ۔کوئی چیز اللہ کے ذمہ ضروری نہیں وہ جو کچھ مہربانی کرے ،یہ اس کا فضل ہے ۔

شرک کیا ہے ؟

الله تعالیٰ کی ذات میں اور اس کی خاص صفات میں اور ان صفات کی اجراء میں کسی کو شریک کرنا شرک ہے۔

تعظیم شعائر الله شرک نہیں [واپس جائیں]

بعض نادان لوگ شرک کی رد میں اتنے آگے نکل جاتے ہیں کہ شعائرالله کی تعظیم کو بھی شرک قرار دیتے ہیں ۔اس کو تو الله نے قرآن شریف میں تقویٰ کی علامت قرار دیا ہے ۔مثلاً خانہ کعبہ کی تعظیم کرنا ۔رسول کریم ﷺ کی تعظیم کرنا اور اس طرح باقی شعائر الله کی تعظیم۔






اہل سنت کی نظر میں اہل بیت کا مقام   Download PDF     Download PDF