دیباچہ

دیباچہ
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ کے ماہانہ کتابچے "شاہرائے معرفت" کا چوبیسواں شمارہ آپ حضرات کی خدمت میں پیش ہے۔
شمارے کی ابتدا سابقہ ترتیب سے ہی کی گئی ہے یعنی حمد و نعت اس کے بعد ایک کلام شامل کیا گیا ہے۔
شمارے میں رمضان المبارک کی مناسبت سے نثری مضامین شامل کیے گئے ہیں۔ ان میں پہلا مضمون "مطالعۂ سیرت بصورتِ سوال" کے عنوان سے ہے جس میں رمضان المبارک کی تیاری کے سلسلے میں رہنمائی کی گئی ہے۔ دوسرے مضمون میں اسی ماہِ مقدس کے فضائل اور مسائل کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی گئی ہے تاکہ اس سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کیا جاسکے۔
گزشتہ شمارے میں "توضیح المعارف" کی قسط نمبر 12 شامل کی گئی تھی جس میں فاطر و مفطور کے درمیان اتحاد اور مغایرت کو ایک جدید مثال کے ذریعے سمجھانے کے بعد تصوف کی چند اصطلاحات ذکر کی گئی تھی۔ اس شمارے میں قسط نمبر 13 شامل کی جارہی ہے جس میں مسائلِ توحید کے بارے میں مختلف نظریات کو ذکر کرنے کے بعد اس بارے میں محققین کے مسالک کو بھی زیر بحث لایا گیا ہے۔
حضرت شیخ مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کے مکتوبات میں سے عقائد کے بعد اب اعمال کے بارے میں حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے مکتوبات اور ان کی تشریح کو شامل کیا جارہا ہے۔
حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات میں سے درس نمبر 21 شامل کیا گیا ہے۔ جس میں قرآن مجید کے اسرار و معانی اور حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے معانئ قرآن کے متعلق علم کو بیان کیا گیا ہے۔
قارئین کرام سے گزارش ہے کہ شمارۂ ہذا کا بغور مطالعہ فرمائیں اور اپنی کیفیات و آراء سے مطلع فرمائیں۔ اللہ کریم ہماری کامل اصلاح فرمائے اور ہمیں دائمی رضا سے نوازے۔ آمین۔
سید شبیر احمد کاکاخیل مدظله