دیباچہ

دیباچہ
الحمد للہ، اللہ پاک کا شکر ہے کہ جس نے ہمیں اِس پُر فتن دور میں بزرگوں کی تعلیمات کو آج کل کی آسان زبان میں عوام تک پہنچانے کا ذریعہ بنایا ہے۔ اسی سلسلے میں خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ کے ماہانہ کتابچے "شاہرائے معرفت" کا اٹھارواں شمارہ قارئین کی خدمت میں پیش ہے۔
سابقہ شماروں کی طرح اس شمارے کی ابتدا بھی حمد و نعت سے کی گئی ہے اس کے بعد ایک کلام شامل کیا گیا ہے۔
اس شمارے میں جو نثری مضامین شامل کیے گئے ہیں، ان میں پہلا مضمون "مطالعۂ سیرت" کے عنوان سے ہے جس میں ایک سوال کے جواب میں بتایا گیا ہے کہ ربیع الاول کے مہینے کی مبارک باد دینے کی شرعی حیثیت کیا ہے؟
دوسرے مضمون میں ماہِ ربیع الاول کی مناسبت سے اس بات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی ہے کہ جس طرح آپ ﷺ کی ذات پاک کی محبت لازمی ہے اسی طرح آپ ﷺ کی سنتوں کی پیروی بھی لازم ہے۔ یہ دونوں باتیں آپس میں لازم ملزوم ہیں۔
"توضیح المعارف" کی قسط نمبر 7 شامل کی گئی ہے جس میں ثبوت معدومات، مبدأ تعین و تشخص اور اس طرح کی دیگر ضروری اصطلاحات کو مثالوں کے ذریعہ سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے۔
جیسا کہ قارئین کو معلوم ہے کہ ہر شمارے میں حضرت شیخ مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کے مکتوبات میں سے مختلف مکاتیب شریفہ اور ان کی تشریح کو کتابچے میں شامل کیا جاتا ہے اسی تسلسل کو باقی رکھتے ہوئے اس بار بھی حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے مختلف مکاتیب شریفہ کو شامل کیا گیا ہے۔ حضرت کے مکتوبات چونکہ مختلف اوقات میں خاص لوگوں کو ان کے احوال کے مطابق لکھے گئے تھے اس لیے ہر ایک کے لیے ان کو سمجھنا آسان نہیں ہے۔ اس لئے مکتوبات کا نچوڑ تعلیمات مجددیہ کی صورت میں مرتب کر کے پیش کیا جارہا ہے تاکہ عوام کے لئے ان کو سمجھنا آسان ہو جائے۔ اس درس میں یہ بات نہایت وضاحت کے ساتھ بتائی گئی ہے کہ خوابوں اور کشف کا کچھ اعتبار نہیں جب تک انہیں قرآن و سنت کی کسوٹی پر پیش نہ کیا جائے کیوں ان میں شیطان کے دخل کا بہت احتمال ہوتا ہے۔
حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات میں سے درس نمبر 15 شامل کیا گیا ہے جس میں بیان کیا گیا ہے کہ: حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو اللہ پاک نے معرفت میں کمال درجہ عنایت فرمایا تھا۔ پھر اس کے بعد عارف کا بتایا گیا ہے کہ اصل میں عارف باللہ کون ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں معرفت کے درجات بھی مثال کے ساتھ بیان کئے گئے ہیں۔
قارئین کرام سے گزارش ہے کہ شمارۂ ہذا کا بغور مطالعہ فرمائیں اور اپنی کیفیات و آراء سے مطلع فرمائیں۔ اللہ کریم ہماری کامل اصلاح فرمائے اور ہمیں دائمی رضا سے نوازے۔ آمین۔
سید شبیر احمد کاکاخیل مدظلہ