دفتر 1 مکتوب 188: ان مسائل کے حل میں جو انھوں نے دریافت کئے تھے

مکتوب 188

خواجہ محمد صدیق بدخشی؂1 کی طرف صادر فرمایا۔ ان مسائل کے حل میں جو انھوں نے دریافت کئے تھے۔

میرے عزیز بھائی کا پسندیدہ مکتوب موصول ہوا (جس میں) تین باتوں کے متعلق دریافت کیا تھا۔

اے محبت کے نشان والے!

(1) مرتبۂ قلب میں بعض لطائف کا پوشیدہ رہنا صرف ان لطائف پر ہی موقوف ہے جو قلب کے ضمن میں ہیں نہ یہ کہ وہ لطائف جو قلب سے ما وراء متحقق ہیں کیونکہ مرتبہ قلب میں ان کا پوشیدہ ہونا کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔

(2) دوسرے یہ کہ جس شخص کی استعداد مرتبۂ قلب یا روح تک ہے، صاحب تصرف پیر اس کو اونچے درجے پر پہنچا سکتا ہے لیکن اس جگہ ایک باریک نکتہ ہے جو رو برو بات چیت سے تعلق رکھتا ہے، اس کو تحریر میں لانا دشوار ہے۔

(3) تیسرے یہ کہ جب ظاہر باطن کے رنگ میں رنگا جائے اور باطن ظاہر کے رنگ میں رنگین ہو جائے تو کیا مشکل ہے کہ ظاہری احکام باطن میں اور باطنی احوال ظاہر میں نمایاں اور پیدا ہوں۔ و السلام۔

؂1 آپ کے نام 12 مکتوبات ہیں اور آپ کا تذکرہ دفتراول مکتوب 132 پر گزر چکا ہے۔