دفتر 1 مکتوب 179: نصیحت کے بارے میں صادر فرمایا

مکتوب 179

میر عبد اللہ؂1 ابن میر محمد نعمان کی طرف نصیحت کے بارے میں صادر فرمایا۔

میرے فرزندِ عزیز کو اس کے نام کے مطابق (اللہ تعالیٰ کا) بندہ بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ (اول یہ کہ) جوانی کے زمانے کو غنیمت جان کر علومِ شرعیہ کے حاصل کرنے اور ان علوم کے مطابق عمل کرنے میں مشغول رہیں اور اس بات کا اہتمام کریں کہ یہ عمر عزیز بے کار باتوں میں صرف نہ ہو اور لہو و لعب میں ضائع نہ ہو۔ دوسری بات یہ ہے کہ تمہارے والد بزرگوار ان شاء اللہ تعالیٰ چند روز بعد تمہارے پاس پہنچ جائیں گے، ان کے پہنچنے تک متعلقین کی پورے طور خبر گیری رکھیں۔ مصرع

پدر خویش باش اگر مردی؂2

ترجمہ:

بس باپ کی جگہ پہ کرو کام باپ کا

و السلام

؂1 آپ کے نام صرف یہی ایک مکتوب ہے، مزید حالات معلوم نہ ہو سکے۔

؂2 مصرعِ دوم:

گرد نامِ پدر چہ می گردی