سالکین کی تربیت، اصلاح، معمولات اور احوال سے متعلق سوالات کے جوابات

مجلس نمبر 524

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی - مکان نمبر CB 1991/1 نزد مسجد امیر حمزہ ؓ گلی نمبر 4، اللہ آباد، ویسٹرج 3، راولپنڈی





اَلْحَمْدُ لِلہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْن وَ الصَّلٰوۃُ وَ السَّلَامُ عَلیٰ خَاتَمِ النَّبِیِّیْنَ

اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ بِسمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم


سوال نمبر 1:

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ!

احوال: حضرت جی معمولات پر اللہ تعالیٰ نے استقامت عطا فرمائی ہے اپنے فضل سے اور آپ کی تربیت کی برکت سے ذکر لسانی کی عادت بنتی جا رہی ہے الحمد للہ۔ ذکر جہری بھی الحمد للہ دل جمعی سے کرتا ہوں لیکن دل میں اللہ اللہ محسوس نہ ہونے کی وجہ سے کبھی کبھار تھوڑی سی پریشانی ہو جاتی ہے، یہ سوچ کر کہ کہیں میں ذکر صحیح طریقے سے نہیں کر پا رہا ہوں میں اس کو صحیح محسوس نہیں کر پا رہا۔ یہ وسوسہ کبھی کبھار لاحق ہو جاتا ہے۔ ذکر میرا یہ ہے 200 مرتبہ ’’لَآ إِلٰهَ إِلَّا الله‘‘ 400 مرتبہ ’’لَآ إِلٰهَ إِلَّا ھُو‘‘ 600 مرتبہ ’’حَق‘‘ اور 7500 مرتبہ ’’اَللہ‘‘ اور 10 منٹ کا مراقبہ دل میں اللہ اللہ کا محسوس ہونا اور نماز کے بعد میں ایک سانس میں اللہ اللہ 60 مرتبہ۔

جواب:

ما شاء اللہ یہ بہت اچھا چل رہا ہے، اللہ تعالیٰ مزید کی توفیقات عطا فرمائے۔ اب 10 منٹ کے مراقبہ کو 15 منٹ کر لیں، باقی چیزیں وہی ہوں گی۔ ان شاء اللہ۔

سوال نمبر 2:

اور نمازیوں کے جوتے سیدھے کرنے کا مجاہدہ بھی جاری ہے الحمد للہ۔ دل میں اللہ اللہ فی الحال محسوس نہیں ہو رہا۔ میرے لئے آگے کیا حکم ہے؟

جواب:

اللہ جل شانہ مزید توفیقات سے نوازے۔ ذکر آپ یہی رکھیں، البتہ مراقبہ 10 منٹ کی جگہ 15 منٹ کر لیں۔

سوال نمبر 3:

السلام علیکم!

My name is فلاں. My relative did بیعت with you? I heard your name from him. I live in Lahore. I want to do بیعت with you. Please tell me the procedure.

جواب:

میں آپ کو کچھ الفاظ بھیج دیتا ہوں، آپ پہلے دو رکعات نفل توبہ کی نیت سے پڑھ لیں اور پھر اللہ پاک سے اپنی قبولیت کے لئے اور توبہ پر استقامت کی دعا کریں اور پھر جو الفاظ میں آپ کو بھیج رہا ہوں ان کو دہرائیں۔ پھر ان الفاظ کو دہرانے کی audio آپ مجھے send کر دیں ان شاء اللہ میں قبول کر لوں گا پھر بعد میں طریقہ بتا دوں گا۔

سوال نمبر 4:

السلام علیکم! حضرت جی عرض یہ ہے کہ میرا ابتدائی ذکر 5 منٹ دل پر، 5 منٹ لطیفۂ روح پر، 5 منٹ لطیفۂ سر پر، 5 منٹ لطیفۂ خفی پر اور 5 منٹ لطیفۂ اخفیٰ پر اللہ سننے اور مراقبہ احدیت کا ایک ماہ مکمل ہو گیا ہے، لیکن نہایت معذرت، افسوس اور فکر کے ساتھ عرض ہے کہ جب تک لطائف والے ذکر پر تھی تب تک تو بہت regular تھی لیکن جب یہ مراقبہ احدیت شروع کیا ہے تو آہستہ آہستہ ناغے ہونے لگے ہیں، شاید اس لئے کہ ایسے ذکر کی کیفیت سمجھ نہیں آ رہی۔ اب تو یہ عالم ہے کہ اس پورے ماہ میں لگ بھگ 10 دن کا ذکر کیا ہے مشکل سے۔ باقی سب عمل پورے ہیں، لیکن ذکر چھوٹتا جا رہا ہے۔ میری رہنمائی فرمائیں۔ آپ سے دعا کی درخواست ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو صحت و تندرستی عطا فرمائے آمین۔

جواب:

مراقبہ احدیت، (یہ بدیت نہیں ہے مراقبہ احدیت ہے) در اصل اس مراقبے میں ہم یہ کرتے ہیں کہ جو فیض اللہ پاک کی طرف سے آتا ہے (فیض ہر اس چیز کو کہتے ہیں جس سے انسان کو فائدہ ہو، ظاہر ہے ساری چیزیں اللہ تعالیٰ کی طرف سے آ رہی ہیں اس میں کوئی سوچنے والی بات نہیں ہے یہ تو خود بخود پتا ہونا چاہیے) آپ ﷺ کے قلب مبارک پر، کیونکہ آپ ﷺ کے ذریعے سے فیض تقسیم ہوتا ہے، پھر آپ ﷺ کے قلب مبارک سے شیخ کے قلب میں آتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ شیخ مرید کے لئے ذریعہ ہوتا ہے۔ اس لئے شیخ کے قلب سے آپ کے قلب پر آ رہا ہے۔ تو یہ جو مراقبہ احدیت ہے یہ آپ نے 15 منٹ کرنا ہے۔ باقی ذکر وہی کرنے ہیں جو پہلے سے چلے آ رہے ہیں۔ باقی آپ کو اللہ پاک نے ایک دروازہ دیا ہوا ہے اس دروازے میں آپ کس رفتار سے جاتی ہیں وہ آپ کی اپنا مرضی ہے، لیکن جتنے جتنے آپ ناغے کریں گی اتنی ہی آپ کو محرومی ہو گی۔ اس وجہ سے اپنے آپ کو محرومی سے بچانے کے لئے ناغوں کا سلسلہ ختم کر لیں اور با قاعدگی کے ساتھ یہ ذکر کر لیا کریں کیونکہ اس میں جو مراقبہ احدیت ہے یہ تو بہت آسان ہے، کیونکہ فیض تو خود بخود محسوس ہونا چاہیے کہ وہ اللہ ہی کی طرف سے آتا ہے اور آپ ﷺ ہی کے ذریعے تقسیم ہوتا ہے اور مرید کے لئے شیخ ہی ذریعہ ہوتا ہے۔ لہذا اس میں کوئی نئی بات تو نہیں ہے۔ آپ اس کو ایک مہینہ مکمل کر کے پھر مجھے بتا دیجئے گا۔

سوال نمبر 5:

حضرت السلام علیکم! اس مہینے کی کار گزاری پیش خدمت ہے۔ جہری اذکار کلمہ نفی اثبات 200 ’’لَآ إِلٰهَ إِلَّا ھُو‘‘، 400 ’’ھُو‘‘، 600 ’’حَق‘‘، 200 ’’حَقْ اَللہ‘‘، 200 اسمِ ذات خاموش 5 منٹ، مراقبہ فنائیت 15 منٹ، اسمِ ذات 48000 مرتبہ روزانہ جاری ہے۔ حضرت اسمِ ذات خاموش 5 منٹ میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے انوار خانہ کعبہ کے اوپر آ رہے ہیں اور وہاں سے روضہ رسول اکرم ﷺ سے ہوتے ہوئے آپ کے سینہ مبارک میں آتے ہیں اور وہیں سے میرے تمام لطائف اور سینے میں جا رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا اسم ہر لطیفہ میں ظاہر ہو رہا ہے۔ مراقبہ فنائیت میں ایک بہت بڑا دریا ہے اور اس کی دیواریں سونے کی ہیں، ان میں سے دودھ جیسا نور اس قدر زیادہ اور تیز نکلتا ہے جیسے کسی بڑے dam سے۔

جواب:

ما شاء اللہ! آپ یہی جاری رکھیں۔ البتہ یہ کریں کہ جو نور آ رہا ہے مراقبہ فنائیت کے اندر اسی نور میں اپنے آپ کو آہستہ آہستہ ختم ہوتا ہوا محسوس کریں۔

سوال نمبر 6:

السلام علیکم! حضرت جی میرا نام فلاں ہے، میں چوک منڈا ضلع مظفر گڑھ میں رہتی ہوں، میرا سبق روح اور قلب کا ذکر ہے جو آپ نے پچھلے سال کا دیا ہوا ہے۔ لیکن میرا ذکر مسلسل نہیں رہتا، ذکر اور نماز کے دوران مجھے بہت خیالات آتے ہیں۔ دن بھر بھی فضول وہم اور خیالات چلتے رہتے ہیں دماغ میں۔ غصہ بہت آتا ہے، فجر بھی با قاعدگی سے نہیں پڑھ پاتی۔

جواب:

اس کے بارے میں کیا کہہ سکتا ہوں؟ اپنا علاج انسان خود نہیں کرتا بلکہ ڈاکٹر کی مرضی کے مطابق کرتا ہے، تب ہی فائدہ ہوتا ہے۔ تو روح اور قلب کا جو ذکر آپ کو دیا تھا وہ کتنے کتنے منٹ کا ہے، وہ آپ نے بتایا نہیں اور کیسے ہو رہا ہے یہ بھی نہیں بتایا۔ صرف آپ نے یہ بتایا ہے کہ مسلسل نہیں ہوتا۔ اس لئے میں اب دوبارہ بتاتا ہوں۔ قلب کے ذکر میں آپ دل پر اللہ اللہ ہوتا ہوا محسوس کریں، یہ 10 منٹ کے لئے ہے اور روح پر 15 منٹ کے لئے اللہ اللہ محسوس کرنا اور یہ با قاعدگی کے ساتھ روزانہ کرنا ہے۔ اور جو خیالات آتے ہیں ان کی پروا نہ کریں چاہے کچھ بھی ہوں، اور جب غصہ آ جائے تو اس پر اس وقت تک عمل نہ کریں جب تک آپ کو یہ یقین نہ ہو جائے کہ یہ غصہ ضروری ہے۔ اور فجر کی نماز با قاعدگی کے ساتھ پڑھیں۔ اور جو نماز بھی قضا ہو اس کی جگہ آپ نے 3 روزے رکھنے ہیں۔

سوال نمبر 7:

السلام علیکم! حضرت الحمد للہ کل 25 جون کو ایک ماہ کا ذکر 200، 400، 600 اور 500 اللہ اور لطیفۂ قلب، روح اور سر پر 10 منٹ اور لطیفۂ خفی پر 15 منٹ کا تصور پورا کر لیا ہے۔ چاروں پر محسوس ہو رہا ہے۔ حضرت رمضان کے بعد نفس اور شیطان کے حملے کی وجہ سے ناغہ ہوا تھا، اس لئے مہینہ دیر سے شروع کر کے اب مکمل ہوا ہے۔

جواب:

ایک تو ناغے بالکل چھوڑ دیں اور اگر کوئی ناغہ ہو جائے تو اپنے اوپر کوئی جرمانہ رکھ لیں اور جرمانہ اتنا ہو جو آپ کر سکیں اور اتنا کم بھی نہ ہو کہ اس کی پروا ہی نہ ہو۔ مثلاً اللہ کے راستے میں کچھ خیرات کرنا۔ تو آئندہ کے لئے اس کا خیال رکھیں۔ اور چونکہ چاروں پر محسوس ہو رہا ہے تو ابھی لطیفۂ اخفیٰ پر 15 منٹ کر لیں، باقی چاروں پر یعنی لطیفۂ قلب، لطیفۂ روح، لطیفۂ سر پر اور لطیفۂ خفی پر 10، 10 منٹ کرنا ہے۔ اس طرح پورا کر کے پھر مجھے ایک مہینہ کے بعد بتانا ہے۔

سوال نمبر 8:

السلام علیکم! حضرت جی میں نے Public service commission میں teaching کی post کے لئے apply کیا ہوا ہے، job کرنا میری کوئی ضرورت نہیں ہے اور نہ مجھے پیسوں کی کوئی ذاتی ضرورت ہے، لیکن میں نے اس لئے apply کیا ہوا ہے کہ میرے پاس M.A کی degree ہے تو کل کو دل میں یہ نہ ہو کہ 16 سال کی محنت سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ میرے شوہر کو بھی یہ بات پسند نہیں کہ میں job کروں۔ لیکن انہوں نے کہا کہ حضرت جی سے مشورہ کر لیں۔ آپ جو حکم فرمائیں۔ حضرت جی کوتاہیوں پر معافی چاہتی ہوں۔

جواب:

ہمارے ملک میں یہ تصور پایا جاتا ہے کہ شاید education کے ساتھ job کرنا لازمی ہے۔ service کا اردو ترجمہ ہے نوکری کرنا۔ تو کسی کو اگر ویسے نوکر کہہ دو تو کیا وہ خوش ہو گا؟ ظاہر ہے وہ خفا ہو گا۔ مجبوری میں تو انسان نوکر بنتا ہے، جب انسان کی مجبوری ہو تو پھر نوکر بننے میں کوئی حرج نہیں، لیکن آپ خود کہہ رہی ہیں کہ نہ آپ کو ضرورت ہے اور نہ آپ کی مجبوری ہے اور آپ کے شوہر کی طرف سے بھی آپ کو یہ بتایا جا رہا ہے۔ تو ایسی صورت میں بلا وجہ عورتوں کا گھر سے نکلنا بھی ممنوع ہے، آپ کو چونکہ ضرورت نہیں ہے تو بلا وجہ آپ کیوں باہر نکل رہی ہیں؟ آپ نے education حاصل کی ہے اس پر اللہ پاک کا شکر ادا کریں کہ اللہ پاک نے آپ کو اس کے ذریعے سے سمجھ بوجھ عطا فرما دی اور اس سمجھ بوجھ کو دین کے لئے استعمال کر لیں یعنی آخرت کے لئے اس کو استعمال کر لیں۔ باقی دنیا میں اس کے استعمال کی آپ کو ضرورت نہیں ہے۔ لہذا آپ اس خیال کو چھوڑ دیں۔ اور اگر آپ کو teaching کا بہت زیادہ شوق ہے تو فرضِ عین علم سیکھ لیں اور فرضِ عین علم اپنے گھر پر، اپنے آس پاس کی خواتین کو پڑھانا شروع کر لیں۔ اس سے ان شاء اللہ آپ کو آخرت میں فائدہ ہو گا۔

سوال نمبر 9:

السلام علیکم!

I am میاں فلاں from چارسدہ. I have completed 40 days ذکر. I started ذکر during رمضان المبارک. What should I do next?

جواب:

ما شاء اللہ آپ نے 40 دن کا ذکر پورا کیا ہے، الحمد للہ! مبارک ہو۔ یقیناً شیطان اس پہ بہت گڑ بڑ کرتا ہے، آدمی سے ناغے کراتا ہے۔ اللہ پاک نے آپ کو اس سے بچا دیا ہے، اس پر اللہ کا شکر ادا کریں اور تیسرا کلمہ، درود شریف ’’وَ صَلَّی اللّٰہُ عَلَی النَّبِّی مُحَمَّدْ‘‘ اور استغفار ’’أَسْتَغْفِرُ اللہَ الَّذِی لَآ إِلٰہَ إِلَّا ہُوَ الْحَیُّ الْقَیُّومُ وَ أَتُوبُ إِلَیْہِ‘‘۔ یہ آپ 100، 100 مرتبہ روزانہ عمر بھر کے لئے کریں گے اور اس کے علاوہ ذکر جہری ہے ’’لَآ إِلٰهَ إِلَّا الله، لَآ إِلٰهَ إِلَّا الله‘‘ 100 مرتبہ، ’’لَآ إِلٰهَ إِلَّا ھُو، لَآ إِلٰهَ إِلَّا ھُو‘‘ 100 مرتبہ، ’’حَق، حَق، حَق‘‘ 100 مرتبہ اور ’’اللہ اللہ اللہ‘‘ 100 مرتبہ۔ یہ تو آپ کا ذکر جہری ہوا اور نماز کے بعد جو ذکر پہلے سے میں بتا چکا ہوں جو card پر تھا، وہ بھی آپ عمر بھر کے لئے کریں گے ان شاء اللہ۔ ایک مہینے کے بعد پھر مجھے بتانا ہے۔

سوال نمبر 10:

السلام علیکم! میں ڈاکٹر دانش صابرین بات کر رہا ہوں۔ مجھے آپ کا نمبر مفتی عبد الرحمن صاحب جو England میں ہوتے ہیں انہوں نے دیا تھا، میں خود بھی امریکہ میں ہوتا ہوں، میں آپ سے ملنا چاہ رہا تھا۔ اگر آپ مجھے بتا دیں گے تو آپ کی نوازش ہوگی۔ میں ابھی اسلام آباد میں ہوں شکریہ۔

جواب:

ماشاء اللہ! بہت اچھی بات ہے اللہ تعالیٰ آپ کو سلامت رکھے آپ ضرور تشریف لایئے، اس کے لئے ہمارے پاس جو ملنے کے اوقات ہیں وہ مغرب کا وقت ہی ہے، ابھی میں آپ کو location بھیج دوں گا اس location پر آپ تشریف لا سکتے ہیں، کل ہی آ جایئے، کل ویسے بھی ہمارے ہاں مثنوی مولانا روم کے درس کی مجلس ہے، اس میں آپ کی شرکت بھی ہو جائے گی اور ان شاء اللہ ملاقات بھی ہو جائے گی۔

سوال نمبر 11:

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ!

حضرت کیا اصلاح سب سے پہلے ہے؟ ترجمے کے ساتھ قرآن پاک پڑھ سکتا ہوں؟ میرا مراقبہ دعائیہ بھی دیگر اذکار بھی جاری ہیں۔

جی آپ صحیح سمجھے ہیں، اصلاح کی بات سب سے پہلے ہوتی ہے۔ باقی چیزیں ان شاء اللہ بعد میں ہو جائیں گی۔ قرآن پاک کو ترجمے کے ساتھ آپ تقریباً ایک رکوع روزانہ پڑھ لیا کریں اور باقی فی الحال بعد پہ چھوڑ دیں اور مراقبہ دعائیہ جتنا بتایا ہے اس کو پورا کر لیا کریں اور جو ذکر ہے وہ بھی باقائدگی سے کیا کریں۔

سوال نمبر 12:

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ! مولانا کیسے ہیں، آپ ٹھیک ہیں، خیریت سے ہیں؟ مولانا ہمیں Whatsapp پر نماز کے اوقات کا آپ کا بنایا ہوا calender چاہیے جس میں پورے 12 ماہ کے لئے نماز کے اوقات کا نقشہ ہوتا ہے۔ اگر آپ کی website پہ ہو تو بھی بتا دیں یا آپ ہماری رہنمائی کر دیں، ہم وہاں سے اٹھا لیں۔

جواب:

کہاں کے لئے؟

سوال نمبر 13:

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ! حضرت جی میں جہلم سے فلاں بات کر رہا ہوں۔ حضرت جی ایک سوال تھا کہ اگر کوئی شخص گناہ کرتا رہا ہے اور اس شخص کو اس گناہ کی عادت ہو گئی جیسے کوئی نوجوان شخص ہے اور نوجوانی کے گناہوں میں مبتلا ہو تو ان گناہوں کو کیسے چھوڑا جا سکتا ہے؟

جواب:

اس میں سب سے بڑی بات تو اللہ تعالیٰ کا خوف ہے کہ اللہ تعالیٰ کے خوف سے انسان گناہ کو چھوڑ سکتا ہے اور اللہ پاک کا خوف پیدا کرنے کے لئے اس کا استحضار ہے۔ اس کے لئے آپ 15 منٹ کے لئے روزانہ بیٹھ کے یہ تصور کر لیا کریں کہ وہاں پر ترازو ہے اور میرے اعمال تُل رہے ہیں اور اس گناہ کی وجہ سے مجھے بڑی پریشانی ہے لہذا اس وقت میں کیا کروں؟ بس آپ اس کیفیت میں بیٹھیں اور دل دل میں استغفار کرتے رہیے۔ اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ اگر ایسا گناہ ہو جائے تو اپنے اوپر جرمانہ کر لیا کریں مثلاً تین روزے فوراً رکھ لیا کریں اور توبہ بھی کر لیا کریں۔ ان شاء اللہ اللہ پاک فضل فرما دیں گے۔

سوال نمبر 14:

شاہ صاحب! میں خانقاہ کے جس group کی admin ہوں، جو کہ خواتین کا group ہے، اکثر خواتین مجھے messages کرتی ہیں اور اگر کبھی دیر ہو جائے تو بیانات کا پوچھتی ہیں، مگر آج کل کچھ عجیب بات ہو گئی ہے کہ خواتین مجھے Video call کرنے لگی ہیں، جس کا میں جواب نہیں دیتی۔ کچھ دن پہلے میں سو رہی تھی کہ مجھے ایک call آئی میں چونکہ نیند میں تھی تو call اٹھا لی لیکن مجھے پتا نہیں تھا کہ یہ video call ہے، مجھے جب آواز نہ آئی تو Mobile screen کو دیکھا تو وہاں ایک عورت تھی اور ساتھ ہی اس کے ساتھ کوئی اور بھی تھا۔ میں نے جلدی mobile نیچے کر دیا اور میں ڈر گئی کہ ایسا نہ ہو کہ کل کوئی اور مرد call کر دے، تو پھر کیا ہو گا۔ میں نے اپنے mobile کے Front camera پہ Dark scotch tape لگا کر اسے بند کر دیا اب آج کسی اور number نے message کیا جو کہ Group member ہے جن کی Profile photo پر مرد ہے، ایسے ہی فضول message آیا تھا، میں نے delete کر دیا، اس number کو block بھی کر دیا۔ شاہ صاحب اس مسئلے کا کیا حل ہو گا؟ ایسا کیا کیا جائے کہ لوگ messages نہ کریں اور دوسری بات یہ ہے کہ آپ سب Group admin کو یہ ہدایت بھی کر دیں کہ number add کرنے سے پہلے پوری معلومات لی جائیں کہ کیا یہ واقعی خاتون کا number ہی ہے۔

جواب:

جی ہاں بالکل اس کی تحقیق کرنی چاہیے تاکہ انجانے میں کسی ladies کے group میں کوئی مرد نہ آئے۔ اس کے لئے آپ خود بھی سوچیں، میں بھی اپنے ساتھیوں کو کہتا ہوں کہ اس پر غور کر لیں کہ کون سا طریقہ ہو جس سے number سے معلوم ہو کہ یہ کس کا ہے، یہ بھی ہو سکتا ہے۔ اور دوسری بات یہ ہے کہ خود بھی اس کا خیال کر لیا لیں۔ اس کا ایک اور حل بھی ہے کہ message کرنے کے لئے اور call کرنے کے لئے آپ کے پاس ایک سادہ mobile ہو، اور جو Whatsapp وغیرہ کے لئے آپ کے پاس ہو تو وہ تو wifi سے بھی چل سکتا ہے۔ اگر اس طرح ہو جائے تو پھر شاید اس معاملے میں نسبتاً آسانی ہو جائے گی۔ لیکن بہر حال آپ بھی سوچیں، ہم بھی سوچتے ہیں کہ اس کا کیا حل ہے۔ باقی یہ آپ نے اچھا کیا کہ اس پہ Scotch tape لگا دی۔ اور ویسے بھی بغیر تحقیق کے phone نہیں سننا چاہیے۔ بلکہ کہہ دیا کریں کہ صرف message کیا کریں۔ اس سے پھر ان شاء اللہ یہ مسائل نہیں ہوں گے۔ بلکہ اپنے contacts کو یہ پیغام دے دیں کہ جب کوئی phone کرے تو پہلے message کرے۔ اس طرح ان شاء اللہ العزیز یہ اس کے لئے note ہو جائیں گی۔

سوال نمبر 15:

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ! From رحمانیہ مسجد محمد عباد حضرت جی الحمد للہ!

I have completed ذکر for this month,

لَآ إِلٰهَ إِلَّا الله‘‘ 200’’

لَآ إِلٰهَ إِلَّا ھُو‘ 400’’

600 ‘‘حق’’

and 4500 ‘‘اللہ’’

and 10 minutes thinking that my heart is doing ذکر .اللہ fifteen minutes on روح and 15 minutes on سر. There is a feeling of ذکر on all three points but less especially on روح.

حضرت جی kindly suggest me next ذکر. May اللہ bless you with his love and رضا آمین۔!

جواب :

ٹھیک ہے جو ذکر آپ کر رہے ہیں وہی آپ کرتے رہیں اور یہ جو لطیفۂ روح پر اور لطیفہ سر پر ابھی نہیں ہو رہا تو ان دونوں پہ آپ خصوصی توجہ رکھیں اور وہاں پر انگوٹھا رکھ لیا کریں تاکہ آپ کو وہاں پر ذکر آسانی سے محسوس ہو۔ لہذا فی الحال یہی کریں۔

سوال نمبر 16:

محترم جناب شاہ صاحب السلام علیکم!

بعد از سلام مسنون عرض ہے کہ احقر کی 12 تسبیحات اور ساتھ ہی 500 مرتبہ ذکرِ جلی ’’اللہ، اللہ‘‘ کو تقریباً 2 ماہ ہو گئے ہیں۔ لہٰذا مزید رہنمائی کی درخواست ہے۔

جواب :

آپ 12 تسبیح کے ساتھ 500 مرتبہ اللہ اللہ کا جو ذکر کر رہے ہیں تو اب آپ 5 منٹ کے لئے ساتھ ہی یہ تصور کر لیں کہ آپ کا دل بھی اسی طرح اللہ اللہ کر رہا ہے۔ باقی یہی ذکر جاری رکھیں اس کے ساتھ 5 منٹ یہ بڑھا دیں۔

سوال نمبر 17:

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ!

حضرت امید ہے مزاج بخیر ہوں گے۔ عرض یہ ہے کہ بندہ کو جو ذکر دیا تھا ایک مہینے کے لئے۔ الحمد للہ بلا ناغہ اس کا ایک مہینہ پورا ہو گیا اور ذکر یہ ہے 200 مرتبہ ’’لَآ إِلٰهَ إِلَّا الله‘‘ 400 مرتبہ ’’لَآ إِلٰهَ إِلَّا ھُو‘‘ 600 مرتبہ ’’حَق‘‘ 500 مرتبہ ’’اللہ‘‘۔

جواب:

ما شاء اللہ! اب آپ باقی سارا ذکر یہی کریں، البتہ اب آپ اللہ اللہ 500 کی جگہ 1000 مرتبہ کریں۔

سوال نمبر 18:

جناب میں راولپنڈی، خیابان سر سید سے ہوں۔

جواب:

نقشہ بنا ہوا ہے، خانقاہ سے آپ لے سکتے ہیں، آپ خانقاہ تشریف لائیں، میں آپ کو اپنی خانقاہ کی location send کر دیتا ہوں۔

سوال نمبر 19:

نمبر 1:

اکثر گھروں میں اور رشتے داروں میں یہ بات عام ہے کہ اگر بڑوں سے کوئی غلطی ہو جائے یا وہ حق پر نہ ہوں تب بھی چھوٹوں کو غلط ٹھہرایا جاتا ہے یہ کہہ کر کہ اگلے بڑے ہیں۔ اسی طرح جو عمر میں چھوٹا ہے وہ کبھی بھی بڑوں کے سامنے حق بات نہیں کہہ سکے گا اور وہ اپنے آپ کو ہی غلط سمجھتا رہے گا جس سے احساس کمتری پیدا ہوتا ہے۔ دوسرا جو بڑے ہیں وہ ہمیشہ اپنے آپ کو حق پر سمجھتے رہتے ہیں اور اس طرح چھوٹوں کو دباتے رہتے ہیں۔ ایسی صورت حال میں بڑوں کو کیسے سمجھایا جائے کہ وہ حق پر نہیں ہیں کہ اس میں بے ادبی بھی نہ ہو اور وہ سمجھ بھی جائیں۔

نمبر 2:

شکر کے بارے میں آپ نے فرمایا تھا کہ ہر وقت، ہر نعمت پر شکر کرتے رہیں۔ کیا شکر نعمتوں کے شریعت کے مطابق استعمال ہی کا نام ہے یا زبان سے کہہ دینا کہ اللہ تیرا شکر ہے یا ’’اَللّٰھُمَّ لَکَ الْحَمْدُ وَ لَكَ الشُّكْرُ‘‘ کہنا بھی شکر میں آئے گا اور کیا اس کا بھی اجر ملے گا؟

جواب:

جہاں تک پہلی بات ہے تو جہاں تربیت والا ماحول نہ ہو یعنی لوگوں کی تربیت نہ ہوئی ہو تو یہ معاملے ہوتے رہتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ نفس ہر ایک کے ساتھ ہے، بڑوں کے ساتھ بھی نفس ہوتا ہے، چھوٹوں کے ساتھ بھی نفس ہوتا ہے، بڑوں کے نفس اپنے کام کرتے ہیں، چھوٹوں کے نفس اپنے کام کرتے ہیں۔ ظاہر ہے اس کو صحیح تو نہیں کہا جا سکتا۔ البتہ چونکہ آپ نے خود ہی بتایا ہے کہ وہ اپنے آپ کو حق پر سمجھتے ہیں، لہذا ان کو کہنے سے بھی فائدہ نہیں ہو گا، کیونکہ وہ اپنے آپ کو پھر بھی حق پر سمجھتے ہیں، تو آپ ہی کو دبائیں گے۔ لہٰذا براہِ راست تو ان کو نہیں کہنا چاہیے البتہ خاندان میں رشتے میں جو بڑے موجود ہوں، جن کی تربیت ہو چکی ہو، جو اچھے لوگ ہوں، ان کی خدمت میں یہ بات کرنی چاہیے کہ وہ ان سے بات کر لیں، بجائے اس کے کہ آپ خود ان کے ساتھ بات کریں۔ اس سے تو لڑائی ہو گی اور خواہ مخواہ جگ ہنسائی ہو گی۔ لہذا یہ طریقہ تو نہیں اختیار کرنا چاہیے، لیکن ان کی خدمت میں بات لانی چاہیے کہ وہ ان کو سمجھا دیں، تو وہ بات کر سکیں گے، ان کے ہم عمر ہوں گے یا ساتھی ہوں گے تو پھر کوئی نہ کوئی صورت بن سکتی ہے کہ ان کو بتا دیا جائے۔ باقی اگر ایسا نہیں ہے تو پھر برداشت کرنا چاہیے، صبر کا اجر ملے گا۔

دوسرا شکر کے بارے میں جو آپ نے فرمایا ہے تو اصل میں شکر یہ ہے کہ اللہ پاک جس نعمت کا جو استعمال ہم سے چاہتے ہیں اس کو اس طرح سے استعمال کرنے کو شکر کہتے ہیں۔ مثلا زبان اللہ پاک نے دی ہے تو ہم اس زبان سے کیا کریں تو اللہ پاک خوش ہو گا؟ تو اس کا شکر وہی ہو گا۔ اس طرح کان ہیں، اس طرح دماغ ہے، اس طرح دل ہے، اس طرح ہاتھ پاؤں ہیں۔ گویا جس چیز پر اللہ خوش ہوتا ہے وہ کرنا شکر ہے۔ جیسے ہم شکریہ کا لفظ کہتے ہیں تو اس شکریہ کے لفظ میں بھی یہی بات ہوتی ہے کہ اس کو خوش کرنا مقصود ہوتا ہے جس نے وہ احسان کیا ہے۔ تو اس میں یہی بات ہے کہ اللہ پاک کا بھی جب آپ شکر ادا کرتے ہیں تو اللہ پاک اسی پر خوش ہوں گے کہ آپ اس کو اس کی مرضی اور پسند کے مطابق استعمال کریں اور زبان سے بھی کہہ دیں تاکہ زبان سے بھی اقرار ہو جائے۔ بہر حال زبان سے الحمد للہ کہنا اور اس کے مطابق عمل کرنا کہ اللہ پاک اس سے راضی ہو، یہ شکر ہے۔ تاہم پھر بھی اس کو کافی نہیں سمجھنا۔

سوال نمبر 20:

نمبر 1:

پہلا وظیفہ بلا ناغہ پورا ہو گیا ہے۔

جواب:

تو اب دوسرا وظیفہ شروع کر دیں اور وہ یہ ہے کہ تیسرا کلمہ، درود، شریف اور استغفار 100 100 دفعہ عمر بھر کے لئے۔ اور نماز والا ذکر بھی عمر بھر کے لئے ہے اور پھر 10 منٹ کے لئے اللہ اللہ کا دل پر محسوس کرنا۔

نمبر 2:

تمام لطائف پر 5 منٹ ذکر اور مراقبہ صفاتِ سلبیہ 15 منٹ محسوس ہوتا ہے کہ اللہ پاک تمام عیوب سے پاک ہے۔

جواب:

صفاتِ سلبیہ کا مطلب یہ ہے کہ جو صفات اللہ کی شان کے مطابق نہیں ہیں اللہ ان سے پاک ہے۔ بہرحال ابھی آپ تمام لطائف پر 5 منٹ ذکر اور مراقبہ شانِ جامع لطیفۂ اخفیٰ پر ان کو دے دیجئے گا 15 منٹ کا۔

نمبر 3:

لطیفۂ قلب 10 منٹ، محسوس ہوتا ہے۔

جواب:

لطیفۂ قلب کو 10 منٹ ہی رہنے دیں اور لطیفۂ روح پر 15 منٹ کا بتا دیں۔

نمبر 4:

لطیفۂ قلب 10 منٹ، لطیفۂ روح 10 منٹ، محسوس ہوتا ہے۔

جواب:

اب لطیفۂ قلب 10 منٹ، لطیفۂ روح 10 منٹ اور لطیفۂ سر 15 منٹ کا بتا دیجئے گا۔

سوال نمبر 21:

السلام علیکم! حضرت جی میرے پانچوں لطائف جن کی مقدار 10، 10 منٹ تھی، ان کا ایک ماہ مکمل ہو گیا ہے اور بہت زیادہ مصروفیت کی وجہ سے ایک ناغہ ہو گیا تھا۔ لطائف محسوس ہوتے ہیں۔

جواب:

اب آپ اس طرح کر لیں کہ لطائف پہ 10، 10 منٹ آپ با قاعدہ جاری رکھیں اور ساتھ مرقبہ احدیت 15 منٹ کے لئے کر لیں۔ اس کا مطلب ہے کہ اللہ جل شانہ کی طرف سے فیض آپ ﷺ کے دل مبارک پر آ رہا ہے اور آپ ﷺ کے دل مبارک سے میرے شیخ کے دل میں آ رہا ہے اور وہاں سے آپ کے دل پہ آ رہا ہے۔ باقی سب وہی کریں جو ابھی آپ کر رہی ہیں اور ناغے سے بچنے کی کوشش کریں۔

وَ آخِرُ دَعْوَانا أَنِ الْحَمْدُ لِلهِ رَبِّ الْعالَمِين۔