دیباچہ
الحمد للہ! اللہ پاک کا شکر ہے کہ شاہرائے معرفت کا پچیسواں شمارہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اسی حوالے سے مختلف مضامین پر مشتمل آپ حضرات کی خدمت میں پیش ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے قبول فرمائے اور قارئین کے لئے مفید بنائے۔ آمین!
سابقہ شماروں کی طرح اس شمارے کی ابتدا بھی حمد اور نعت شریف سے کی گئی ہے اس کے بعد ایک کلام شامل کیا گیا ہے۔
چونکہ رمضان کا مہینہ شروع ہو چکا ہے اس لیے مناسب یہی تھا کہ اس ماہِ مبارک کے حوالہ سے قارئین تک رمضان کے حوالے سے گزارشات پیشِ خدمت کی جائیں تاکہ وقت پر اس مبارک مہینے سے استفادہ کیا جاسکے۔
اس لیے اس شمارے میں جو نثری مضامین شامل کیے گئے ہیں ان میں پہلا "مطالعہ سیرت" کے عنوان سے ہے جس میں حدیث "مَنْ صَامَ رَمَضَانَ إِيمَانًا وَّاحْتِسَابًا غُفِرَ لَهٗ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِهٖ" کی خوبصورت تشریح کی گئی ہے۔
دوسرا مضمون جمعہ مبارک کا بیان ہے جس میں ماہِ رمضان کی اہمیت بتائی گئی ہے اور یہ بتایا گیا ہے کہ اس ماہ مبارک میں کیسے اعمال کیے جائیں اور لیلۃ القدر کی اہمیت اور اسے حاصل کرنے کا طریقہ بتایا گیا ہے۔
اس شمارے میں حضرت سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتهم کی تصنیف "توضیح المعارف" میں سے فلسفہ، سائنس اور معرفت الہی کے بیان کے بعد بعض غلط تعبیروں کی اصلاح کی کوشش کے ساتھ ساتھ خوش اعتقادوں کی توحید اور مخلوقات کے ساتھ خالق قیوم کے تعلق کی نوعیت کو بیان کیا گیا ہے۔
اس شمارے میں حضرت شیخ مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کے مختلف مکاتیب سے تعلیمات بیان کی گئی ہیں جن میں حضرت نے سب سے پہلے الله جل شانهٗ کے ساتھ براہ راست تعلق کے اسباب اور اللہ جل شانهٗ کے ساتھ بالواسطہ تعلق کے اسباب کے بارے میں رہنمائی فرمائی ہے۔ اس کے بعد حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے مختلف مکاتیب شریفہ سے نہایت اہم موضوعات کی انتہائی سہل انداز میں تشریح فرمائی ہے۔
حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی کتاب "مقاماتِ قطبیہ و مقالاتِ قدسیہ" کے ساتویں باب میں سے حضرت صاحب کے متفرق حالات و مقامات اور انفاس کے بیان میں متن کی خوبصورت اور سہل تشریح کی گئی ہے۔
قارئین کرام سے گزارش ہے کہ شمارۂ ہذا کا بغور مطالعہ فرمائیں اور اپنی کیفیات و آراء سے مطلع فرمائیں۔ اللہ کریم ہماری کامل اصلاح فرمائے اور ہمیں دائمی رضا سے نوازے۔ آمین۔
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ