دیباچہ
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ کے ماہانہ کتابچے "شاہرائے معرفت" کا تئیسواں شمارہ آپ حضرات کی خدمت میں پیش ہے۔
شمارے کی ابتدا حمد و نعت سے کی گئی ہے اس کے بعد ایک کلام شامل کیا گیا ہے۔
اس شمارے میں چند نثری مضامین شامل کیے گئے ہیں، ان میں پہلا مضمون "مطالعۂ سیرت بصورتِ سوال" کے عنوان سے ہے جس میں شعبان کے مہینے میں روزے رکھنے کی سنت پر عمل کی ترغیب دلائی گئی ہے دوسرے مضمون میں ماہ شعبان کی فضیلت اور شب برات کی اہمیت، فضیلت، اس کے ثبوت اور اس رات کو صحیح معنوں گزارنے اور اس سے استفادہ کرنے پر تفصیلاً بات کی گئی ہے۔
گزشتہ شمارے میں "توضیح المعارف" کی قسط نمبر 11 شامل کی گئی تھی جس میں اللہ تعالیٰ کی معرفت میں سائنس کی افادیت اور اس کی حد کو بیان کرنے کے بعد خالق و مخلوقات کے باہمی تعلق کو ایک خاص مثال سے سمجھانے کی کوشش کی گی تھی۔ اس شمارے میں قسط نمبر 12 شامل کی جارہی ہے جس میں فاطر و مفطور کے درمیان اتحاد اور مغایرت کو ایک جدید مثال کے ذریعے سمجھانے کے بعد تصوف کی چند اصطلاحات ذکر کی گئی ہیں۔
حضرت شیخ مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کے مکتوبات میں سے مختلف مکاتیب شریفہ اور ان کی تشریح کو کتابچے میں شامل کیا گیا ہے، جن میں تواضع، ورع و تقوی، توبہ اور انابت کے بارے میں حضرت کی گراں قدر تعلیمات اور ان کی تشریح کو شامل کیا گیا ہے۔
حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات میں سے درس نمبر 20 شامل کیا گیا ہے۔ جس میں گزشتہ درس میں حج کے بارے میں جو بات چل رہی تھی اس کو مکمل کرنے کے بعد قرآن مجید کے اسرار معانی اور حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے معانئ قرآن کے متعلق علم کو بیان کیا گیا ہے۔
قارئین کرام سے گزارش ہے کہ شمارۂ ہذا کا بغور مطالعہ فرمائیں اور اپنی کیفیات و آراء سے مطلع فرمائیں۔ اللہ کریم ہماری کامل اصلاح فرمائے اور ہمیں دائمی رضا سے نوازے۔ آمین۔
سید شبیر احمد کاکاخیل مدظله