دیباچہ

دیباچہ


خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ کے ماہانہ کتابچے "شاہرائے معرفت" کا اکیسواں شمارہ آپ حضرات کے سامنے ہے۔

شمارے کی ابتدا حمد و نعت سے کی گئی ہے اس کے بعد حسب معمول ایک کلام شامل کیا گیا ہے۔

اس شمارے میں چند نثری مضامین شامل کیے گئے ہیں، ان میں پہلا مضمون "مطالعۂ سیرت بصورتِ سوال" کے عنوان سے ہے جس میں صحت کی نعمت کی حفاظت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں یہ بتایا گیا ہے کہ ہم صحت کی نعمت کی قدر دانی کیسے کر سکتے ہیں اور اپنے فارغ وقت کو کیسے صحیح استعمال کر سکتے ہیں۔

دوسرا مضمون خواتین کے لیے کیا گیا ایک بیان ہے جس میں موجودہ دور کے فتنوں سے آگاہی اور ان سے بچنے کے مختلف طریقوں کا تذکرہ ہے۔

گزشتہ شمارے میں "توضیح المعارف" کی قسط نمبر 09 شامل کی گئی تھی جس میں وجودِ منبسط اور ظلال کے تعلق کو واضح کیا گیا تھا۔

اس شمارے میں قسط 10 شامل کی جارہی ہے جس میں وجودِ منبسط اور ظِلال کے تعلق کے چند پہلؤوں کو سمجھانے کے لیے چند مثالیں ذکر کی گئی ہیں۔

جیسا کہ قارئین کو معلوم ہے کہ ہر شمارے میں حضرت شیخ مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کے مکتوبات میں سے مختلف مکاتیب شریفہ اور ان کی تشریح کو کتابچے میں شامل کیا جاتا ہے اس شمارے میں درس نمبر 18 کو شامل کیا گیا ہے جس میں حضرت شیخ مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ نے نہایت ہی اہم موضوع کو تفصیلاً بیان کیا ہے جس کا لب لباب یہ ہے کہ انسان کے لیے سب سے زیادہ ضروری اس کے نفس کی اصلاح ہے اور اللہ پاک کا حق تمام مخلوقات سے بڑھ کر ہے۔ اس کے بعد نفس امارہ کی مذمت و علاج کے سلسلے میں دفتر اول مکتوب نمبر 52 میں فرماتے ہیں کہ انسان کا نفسِ امارہ جاہ و ریاست کی محبت پر پیدا کیا گیا ہے اس کی تمام ہمت و کوشش اپنے ہم عصروں پر بلندی حاصل کرنا ہے۔


حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات میں سے درس نمبر 18 شامل کیا گیا ہے جو الحمد للہ حرم شریف میں عزیزیہ کے مقام پر ہوا تھا اس درس میں کچھ حصہ گزشتہ درس کا بھی شامل ہے جس میں حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی نماز کے بارے میں بات چل رہی تھی جسے مکمل کرنے کے بعد آخر میں زکوۃ کا بیان ہے۔

قارئین کرام سے گزارش ہے کہ شمارۂ ہذا کا بغور مطالعہ فرمائیں اور اپنی کیفیات و آراء سے مطلع فرمائیں۔ اللہ کریم ہماری کامل اصلاح فرمائے اور ہمیں دائمی رضا سے نوازے۔ آمین۔


سید شبیر احمد کاکاخیل مدظله